کوئٹہ : صوبہ بلوچستان کے افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ہندو تاجر ہلاک ہوگیا.
تفصیلات کے مطابق ہندو تاجر سنتوش کمہار تاج روڈ پر اپنی دکان پر بیٹھے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد آئے اور ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ہندو تاجر جان کی بازی ہار گیا.
ہندو تاجر کو ہلاک کرنے کے بعد نامعلوم مسلح حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے.
انجمن تاجران کے صدر محمد صادق اچکزئی کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کے خلاف شہر میں تجارتی مراکز بطور احتجاج بند ہو گئے جبکہ تاجروں اور سیاسی رہنماؤں کے علاوہ ہندو برادری نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا.
انجمن تاجران کے صدر نے بتایا کہ سنتوش کمہار کو ہر سال بھتہ دینے کے حوالے سے دھمکیاں بھی ملتی تھیں.
یاد رہے کہ چمن شہر میں بد امنی کے دیگر واقعات کے علاوہ اغوا برائے تاوان کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے.
*کوئٹہ: بلوچستان کے شہر چمن سے سینیئر ڈاکٹر اغوا
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں سول اسپتال چمن کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے بیٹے کو اغوا کیا گیا جبکہ کہ گذشتہ ماہ ریلوے اسپتال کے ایم ایس کو بھی اغوا کیا گیا تھا.