فیصل آباد: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار ملزم کی نشاندہی کے بعد تولیہ کے گودام میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ دستاویزات اور دیگر اشیاء برآمد کر لیں۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد سے کومبنگ آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے ملزم نے دوران تفتیش ممنوعہ دستاویزات اور لڑیچر چھپانے کا ناکشاف کیا جس کے بعد فوج ، حساس اداروں اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے تولیہ کے گودام میں کارروائی کی۔ دورانِ کارروائی تولیہ کے ڈبوں میں چھپائے گئے پمفلٹ، اشتعال انگیز مواد اور کتابیں برآمد کی گئیں۔
پڑھیں: کورکمانڈرز اپنے صوبوں میں بھرپور کومبنگ آپریشن کریں، راحیل شریف
ذرائع نے مزید بتایا کہ ’’برآمد ہونے والا سامان کالعدم مذہبی جماعت کا ہے جس میں اشتعال انگیز مواد بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں ملزم نے دوران تفتیش جن افراد کے نام لیے اُن کی گرفتاری کے لیے عید کے بعد باقاعدہ ٹیمیں تشکیل دے دی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن، سینکڑوں گرفتار
یاد رہے سانحہ کوئٹہ کے بعد آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف کی خاص ہدایت کے بعد ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا جس میں اب تک کئی دہشت گردوں کو گرفتار کیاجاچکا ہے۔ کومبنگ آپریشن کے دوران ملک کے مختلف علاقوں سے خطرناک دہشت گروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔