لاہور : وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ چچا بھتیجا مل بھی جائیں تو ن لیگ کی حکومت کے لیے کوئی مسئلہ کھڑا نہیں کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی سے متعلق حساس خبر کے شائع ہونے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ خبر لیک ہونے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سربراہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج ہوگا جب کہ کمیٹی کے ممبران میں مختلف سکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا نام لیے بغیر کہا کہ حکومت گرانے کے لیے چچا بھتیجا مل بھی جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں مسلم لیگ ن کو اُن سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پوری قوم کو 3 سال سے یرغمال بنا رکھا ہے اور قوم کے جوانوں اور خواتین کو سڑکوں پر خوار کروا رہے ہیں حالانکہ مہذب قوموں کے فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے بلکہ پارلیمنٹ اور عدالت میں ہوتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کی شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلاول بالغ ہیں اور سمجھ دار بھی ہیں اُن کا حق ہے جس سے چاہیں شادی کریں،میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
پی پی اور ن لیگ کے درمیان مزاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف اور پی پی کے درمیان ملاقات کا علم نہیں ہے،ڈاکٹر عاصم کو کراچی میں بدامنی پر گرفتار کیا گیا تھا، رینجرز کراچی میں ایک حد تک کام کرسکتی ہے پولیس کو مضبوط کیے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا۔
پنجاب میں ممکنہ دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی مضبوطی سے کام کر رہی ہیں پنجاب میں 8 ماہ کے دوران 300 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔