لاہور: نیوز لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست لاہور ہائی کورٹ نے ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرلی۔ سماعت 14 نومبر کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ڈان اخبار کی متنازع خبر پر تحقیقاتی کمیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منصور علی شاہ 14 نومبر کو درخواست کی سماعت کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری نے کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) عامر رضا کے شریف فیملی سے ذاتی تعلقات ہیں۔ کمیشن سے شفاف تحقیقات کی امید نہیں ہے۔ عدالت کمیشن کو کالعدم قرار دے کر نیا کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ ڈان نیوز میں متنازعہ خبر شائع ہونے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو قومی سلامتی سے متعلق خبر کے اجرا میں کوتاہی اور غفلت برتنے پر برطرف کردیا گیا تھا۔