لاہور : ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کی جانب سےعبدالستار ایدھی مرحوم کو لائف ٹائم اچیوومنٹ ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھانا ہی اب قومی سطح پر ہماری ذمہ داری ہے۔
گورنر پنجاب رفیق رجوانہ لاہور میں ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کی جانب سے ممتاز سماجی کارکن مرحوم عبدالستار ایدھی کو لائف ٹائم اچیوومنٹ ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے یہ ایوارڈ عبد الستار ایدھی مرحوم کے پوتے اور نواسے نے گورنر پنجاب کے ہاتھوں وصول کیا۔
گورنر پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھانا ہی اب قومی سطح پر ہماری ذمہ داری ہے، مرحوم کی جانب سے اولڈ اور فاؤنٹین ہومز بنانا حقیقی معنوں میں بڑی قومی خدمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی مرحوم نے رنگ، نسل، ذات اور مذہب سے بالاتر ہو کر پاکستان کی خدمت کی ہے، ان کا پیغام انسانیت کی خدمت ہے، جس کا ہر مذہب درس دیتا ہے۔
اس موقع پر ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم ظفر نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات کیلئے ایوارڈز دینے چاہیئیں۔
واضح رہے تقریب سے رفاعی تنظیم اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران اور الیگزینڈر جان ملک نے بھی خطاب کیا اور عبد الستار ایدھی کی زندگی اور کارناموں پر روشنی ڈالی۔