ایڈنبرگ: آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے بے گھر افراد کی حالت زار اجاگر کرنے کے لیے ایک کیفے کا دورہ کیا اور وہاں ظہرانہ تناول کیا۔
امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر ایڈنبرگ میں واقع ’ہوم‘ نامی یہ ریستوران جو اپنے اسکاٹش اور فرانسیسی کھانوں کے لیے مشہور ہے، اپنے منافع کو بے گھر افراد کی بحالی کے منصوبوں پر خرچ کرتا ہے۔
لیو کی وہاں آمد بھی ریستوران کے مقصد کی حمایت کرنا اور دیگر افراد کو بے گھروں کی حالت زار کی طرف توجہ دلانے کی ایک کڑی تھی۔
لیو کو دیکھتے ہی وہاں ان کے مداحوں کا ہجوم امڈ آیا جو ان سے ملنا اور ان کے ساتھ تصویر کھنچوانا چاہتے تھے۔
Video: Leonardo DiCaprio delights fans as he arrives in Edinburgh. Story: https://t.co/vlicq9I9PB pic.twitter.com/pbiJlUt7R6
— Edinburgh News (@edinburghpaper) November 17, 2016
واضح رہے کہ ہالی ووڈ اداکاروں کی ایک بڑی تعداد سماجی خدمات میں مصروف رہتی ہے۔
اس سے قبل معروف اداکار جارج کلونی بھی ہوم کیفے کے ایک شراکت دار کیفے ’سوشل بائٹس‘ کا دورہ کرچکے ہیں۔ یہ کیفے بھی ہوم کیفے کی طرح اسی مقصد پر اپنا منافع صرف کرتا ہے۔
دی ریویننٹ فلم میں بہترین اداکاری کے لیے آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والے لیونارڈو ڈی کیپریو اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر برائے ماحولیاتی تبدیلی بھی ہیں۔
اپنے سفیر مقرر ہونے کے بعد سے وہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور موسمیاتی تغیرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے پر کام کر رہے ہیں اور اس ضمن میں وہ صدر اوباما سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔
لیو نے ایک دستاویزی فلم ’بی فور دی فلڈ‘ بھی بنائی ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے خطرات سے آگاہ کرتی ہے۔ اس فلم کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کے لیے اس فلم کو سوشل سائٹس پر دستیاب کردیا گیا ہے تاکہ اسے کوئی بھی باآسانی اور مفت دیکھ سکے۔