اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی کچھ لوگوں کو پسند نہیں آرہی ہے، ہمیں ڈر ہے کہ پاکستان میں بھی سی پیک کے خلاف سازش نہ ہو ر ہی ہو۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بات کر رہے تھے انہوں نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف اندرونی سازش بھی کی جارہی ہے کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گوادار قدرتی وسائل سے مالا مال شہر ہے اسے جدید سہولیات سے آراستہ کر کے بین الاقوامی سطح کا شہر بنائیں گے گوادر پورٹ اس کی ابتدا ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ پانامہ کیس سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے جس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہمیں اپنی عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے اور جو بھی فیصلہ ہوگا اسے من وعن تسلیم کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ترک صدر کا خطاب تاریخی موقع تھا اور پارلیمنٹ کے لیے قابل فخر دن تھا تا ہم تحریک انصاف نے اس دن بھی پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر کے اپنے ووٹرز کو مایوس اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر پیش نہیں کیا۔