اسلام آباد : پاسبان حرمین کے زیر اہتمام تحفظ حرمین کانفرنس کے شرکاء نے کہا ہے کہ حرمین، سعودیہ اور پاکستان کا دفاع عالم اسلام کا دفاع ہے اور حرمین کے دفاع کے لۓ امت کا بچہ بچہ تیار ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تحفظ حرمین کانفرنس سے حافظ محمد سعید،مولانا سمیع الحق ،فضل الرحمان خلیل اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کامریکہ میں ٹرمپ کا صدر منتخب ہونا اور رواں ہفتے اسرائیلی وزیر اعظم کا بھارت میں پہنچنا خطرے کی گھنٹیاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسعودیہ اسلام کی پہچان ہیں اور کوئی مسلمان یہ سوچ بھی نہیں سکتا کہ حرمِ مکہ پر میزائل پھینکا جائے، ایران سعودیہ کی جنگ نہیں ہونی چاہیئے اوراس تاثر کو غلط ثابت کرنے کی ذمہ داری ایران پر ہے۔
جماعت الدعوہ کے امیرحافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین سمیت پورا عالمِ اسلام زخمی ہے ہم ملک بھر میں تحفظ حرمین کی تحریک چلائیں گے اور امت مسلمہ کو شعائر اسلام کی تحفظ کے لیے یکجا، متحد اور منظم کریں گے۔
جمعیت علمائے اسلام (سمیع الحق گروپ) کے امیر مولانا سمیع الحق نےاپنے خطاب میں کہا کہ تحفظِ حرمین شریفین کی تحریک بڑی کامیاب ہے اس کا مقصد ہمارے اندر احساس کو اجاگر کرنا ہے کہ اگر بیت اللہ مٹ گیا تو دنیا قائم نہیں رہے گی۔
مولانا سمیع الحق نے مزید کہا کہ دنیا کا امن بیت اللہ سے وابستہ ہے اور پوری دنیا میں دہشت گردی پھیلی ہوئی ہے لیکن بیت اللہ کو اللہ تعالٰی نے دارالامن بنا دیا ہے یہ امن کی جا ہے اور اسی سے دنیا میں امن قائم ہے۔
جب کہ فضل الرحمان خلیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑ کر اور جہاد کو دہشت گردی کہہ کر بد نام کیا جا رہا ہے، حرمین شریفین کے دفاع کیلئے پورا پاکستان ہر قسم کے اختلافات ختم کر کے اکٹھا ہے کیونکہ حرمین شریفین کا دفاع ہر مسلمان پر فرض ہے۔