کراچی: ناظم آباد سات نمبر کا پل ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، اورنج لائن اور گرین لائن منصوبے کے تحت ناظم آباد سات نمبر پر قائم پل کو گرانے کا عمل آج سے شروع کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گرین لائن منصوبے کے لئے ناظم آباد بورڈ آفس پل کو گرانے کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے لیکن متبادل روٹ کے حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا۔
کراچی والوں کو بہتر سفری سہولیات کےخواب کی تعبیر کیلئے کل سے نئی اذیت جھیلنا ہوگی، نصف صدی قدیم ناظم آباد کے پل کو گرانے کا کام آج سے شروع ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پل گرانے کا کام ایک ماہ جاری رہے گا، پہلے مرحلے میں بورڈ آفس سے عباسی شہید اسپتال جانے والا حصہ زمین بوس کیا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں ناظم آباد سے بورڈ آفس جانے والے ٹریک کو منہدم کیاجا ئے گا۔ ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، نارتھ کراچی، نیوکراچی اور سرجانی ٹاؤن جانے والے لاکھوں شہری روزانہ ناظم آباد پل استعمال کرتےہیں، پل کے انہدام کے بعد ٹریفک جام میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔
علاوہ ازیں عباسی اسپتال جانے والے مریضوں اور اطراف میں قائم اسکولوں کے طلبہ وطالبات کو سخت مشکلات کاسامنا ہونے کا قوی امکان ہے، شہریوں کا کہنا ہے پل کو منہدم کئے جانے سے قبل متبادل راستہ بنایا جائے اس پل کے منہدم کئے جانے کے بعد شہر کی نصف سے زائد آبادی کے شہریوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ ناظم آباد پل کا ایک حصہ 56 سال پرانا جبکہ نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد جانےوالے حصہ انیس سو چھیانوے میں تعمیر کیا گیا تھا۔