کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں مسیح برادری کی جانب سے حضرتِ عیسیؑ کی پیدائش کی نسبت سے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مذہبی رواداری کو فروغ دینے اور شہر میں امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے کے لیے مسلمان نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق سانتا کلاز کا لباس زیب تن کیے ریلی کے شرکاء حضرت عیسیؑ کی پیدائش پر نہ صرف خوش تھے بلکہ اپنے قدیمی رسم و رواج کے تحت بچوں میں انعامات تقسیم کرتے نظر آئے۔
ریلی میں مسیح برادری کے علاوہ سماجی تنظیموں کے تعلق رکھنے والے افراد اور مسلمان نوجوانوں نے شرکت کی جس کا مقصد شہر میں مذہبی رواداری اور امن و امان کی فضاء کو فروغ دینا تھا۔
ریلی میں شریک تمام ہی لوگوں کا کہنا تھا کہ شہر ’’کراچی میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو مکمل مذہبی حاصل ہے اور بطور پاکستانی ہمیں اقلیتوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔ریلی میں نوجوانوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی موجود تھے جو اپنے مذہبی دن کی مبارک بادیں پیش کررہے تھے‘‘۔
خیال رہے شہر قائد میں مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی خاصی تعداد رہائش پذیر ہے، حال ہی میں کراچی میں واقع ہندوؤں کے مندروں میں دیوالی کی خصوصی تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا تاہم پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مذہبی رواداری کے فروغ کا پیغام دینے کے لیے سوانامی نارائن مندر کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
اقلیتی برادری کے اہم دنوں کے حوالے سے کراچی میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے باقاعدہ تقریبات کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے تحت پی آئی بی میں واقع کے ایم سی گراؤنڈ میں کرسمس کی مناسبت سے اقلیتی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں ڈپٹی کنوئیر عامر خان نے پارٹی کی جانب سے مسیح برادری کو مذہبی تہوار کی مبارک باد بھی دی تھی۔