کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص 4 چینی کمپنیوں کو فروخت کردیے گئے ہیں، امریکی اور یورپی ممالک کی موجودگی میں سب سے زیادہ بولی لگانے والی چینی کمپنیاں بازی لے گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص کی 4 چینی کمپنیوں کے کنسورشیم نے سب سے زیادہ پیشکش کر کے بولی جیت لی جس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی ڈی میوچلائزیشن کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کمپنیوں کے کنسورشیم جس میں شنگھائی اسٹاک ایکس چینج نے 28 روپے فی شیئر کی پیشکش کی ہے جس کے باعث 40 فیصد حصص کی مجموعی مالیت 8 ارب 90 کروڑ روپے ہوگی۔
یاد رہے رواں سال کے آغاز میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے اسٹاک ایکسچینج کو ضم کر کے پاکستان اسٹاک ایکسچینج تشکیل دے دیا گیا تھا جس کے بعد اس کے 14 ہزار پوائنٹس کی بہتری دیکھنے میں آئی تھی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مختلف ممالک کے سرمایہ کاری گروپس سے 22 دسمبر تک پیشکشیں طلب کی تھیں جس کے بعد آج سرمایہ کاروں کی جانب سے لگائی جانے والی بولیوں کا موازنہ کیا گیا اور سب سے زیادہ بولی دینے والی چینی کمپنیوں کو 40 فی صد حصص فروخت کردیئے گئے جس سے طو یل المدتی سرمایہ کاری کا آغاز ہو جائے گا۔
اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے اونچی بولی دینے والی چینی کمپنیاں چائنہ فننانشل فیچرز، شنگھائی اسٹاک ایکسچینج اور شن جین اسٹاک ایکسچینج کو 40 فی صد فروخت کردیئے گئے ہیں جب کہ دو مقامی مالیاتی ادارے بھی بولی کے عمل میں شامل تھے تاہم حتمی منظوری سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے لی جائے گی۔