کراچی: ماڑی پور پولیس نے سانحہ بلدیہ کیس کے مرکزی ملزم رحمان عرف بھولا کی نشاندہی پر قریبی ساتھی غلام علی کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماڑی پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک شخص کو سانحہ بلدیہ کیس میں نامزد ملزم رحمان عرف بھولا کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔
پڑھیں: رحمان بھولا کے سنسنی خیز انکشافات، سانحہ بلدیہ میں قیادت ملوث تھی
پولیس کے مطابق غلام علی عرف گولی بلدیہ فیکٹری کو آگ لگانے میں ملوث ہے اور ملزم نے سانحے کے بعد پنجاب میں رہائش اختیار کرلی تھی، ملزم سانحہ بلدیہ میں مطلوب بھی تھا۔
مزید پڑھیں: ’’ سانحہ بلدیہ: ہاں آگ میں نے لگائی، رحمان بھولا عدالت میں روپڑا ‘‘
ایس ایس پی سٹی نے غلام علی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’گولی کا تعلق ایم کیو ایم لندن کے گروہ سے ہے جبکہ دیگر دو گرفتار افراد میں سے ایک عمر بلوچ اور سبطین کا تعلق ایم کیو ایم حقیقی سے ہے۔
دورانِ کارروائی ملزموں کے قبضے سے ایک رائفل، 2 پستولیں اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ غلام علی عرف گولی سے سانحہ بلدیہ کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔