کراچی : ڈیفینس کے پوش بازار میں نوجوان لڑکی خریداری کے بہانے دکان دار کو چکمہ دے کر قیمتی گھڑی چُرا کر فرار ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفینس کے پُر رونق اور پوش بازار میں قیمتی اور مہنگی گھڑیوں کی دکان سے نوجوان لڑکی خریداری کے بہانے گھڑی چرا کر فرار ہو گئی، نوجوان لڑکی حلیے سے کھاتے پیتے گھرانے کی پڑھی لکھی لڑکی معلوم ہوتی تھی۔
دکان میں لگی سی سی ٹی وی کمروں کی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اچھا لباس پہنے، بہ ظاہر پڑھی لکھی لڑکی جس کا تعلق کسی کھاتے پیتے گھرانے سے معلوم ہوتا ہے، دکان میں داخل ہوتی ہے اور ایک قیمتی گھڑی کو پسند کرنے کے بعد ہاتھ میں پہن لیتی ہے اور موقع پاتے ہی دکان سے بھاگ کھڑی ہوتی ہے۔
دکان دار لڑکی کا پیچھا کرتا ہے لیکن لڑکی دکان کے باہر پہلے سے موجود گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتی ہے اور دکاندار کے ہاتھ کف افسوس کے سوا کچھ نہیں آپاتا۔
مقامی پولیس نے اس انوکھی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے ملزمہ کی تلاش شروع کر دی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کی یہ واردات اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے اس سے قبل ایسی کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔