کراچی: مشیرِاطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بنیاد رکھنے والے آصف زرداری ہیں، جنہوں نے سی پیک منصوبے پر مشاورت کے لیے اپنے دورِ صدارت میں چین کے کئی دورے بھی کیے تھے۔
یہ بات مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کراچی میں سی پیک کے حوالے سے ہونے والے پیپلز پارٹی کے اعلٰی سطح کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئی بتائی، انہوں نے کہا کہ سی پیک سے متعلق حکمرانوں نے غلط فہمیاں پیدا کیں۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ایک لازوال رشتہ ہے، پاکستانی قوم چین سے محبت رکھتی ہے اور پاکستان کا ہر بچہ بتائے گا کہ چائنا پاکستان کا دوست ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے پر فخر کرتے ہیں آنے والے دنوں میں سندھ میں ترقی آئے گی ہمارے یہاں بہت سے منصوبے تکمیل کے مراحل میں جب کہ کئی منصوبوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سی پیک آصف زرداری کی دور اندیشی کا مظہر ہے جس کی بنیاد انہوں نے اپنے دورِ صدارت میں رکھی اور آج ملک اس کے ثمرات سے فیضیاب ہو رہا ہے، وفاقی حکومت نے سیاسی کھیل کھیلا ہے اور بہت سے منصوبے بغیر پوچھے شروع کردئیے۔