جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

کراچی کے نوجوانوں کو گلے لگانے کی ضرورت ہے، مصطفیٰ کمال

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کامیابی اور ناکامی کے چکر میں غلط راستے پر کسی صورت نہیں چلیں گے، آپریشن کے بعد نوجوانوں کو گلے لگانے کی ضرورت ہے تاکہ مزید دہشت گرد پیدا نہ ہوں، لوگوں سے جھوٹ بول کر ووٹ لینا ہمارے منشور میں شامل نہیں کیونکہ ہم عوام کی حقیقی ترقی چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سرزمین پارٹی کے تحت ہونے والے ورکرز کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر قدرت کو ہم سے کوئی کام لینا ہے تو کسی میں ہمت نہیں کہ وہ ہمیں روک لے، پاکستان میں لوگ سینیٹر بننے کے لیے لاکھوں روپے خرچ کرتے ہیں مگر میں نے حق کی خاطر نقصان کا سودا کیا اور سینیٹ کی رکنیت چھوڑ دی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کا ڈھیر لگ گیاہے، اسپتالوں میں مریض علاج نہیں کرواسکتے، بنیادی مسائل کے حل کے لیے 2018 کا انتظار نہیں کرسکتے، جن لوگوں نے ووٹ لے رکھے ہیں انہیں ہٹانے کے لیے نہیں آئے بلکہ اب اُن سے کام لیں گے اور جو نہیں کرے گا اُسے خود جانا ہوگا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بچوں کی خوشی حاصل کرنی ہے تو پڑوسی کا خیال رکھنا ہوگا، اگر پڑوس میں روٹی نہیں تو ہماری روٹی بھی چھن جائے گی،ہم کامیابی کی خاطر لوگوں سے جھوٹ بول کر ووٹ نہیں لیں گے بلکہ لوگوں میں یہ جذبہ پیدا کریں گے کہ وہ سب کا یکساں خیال رکھیں۔

پاک سرزمین پارٹی کےچیئرمین کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کے بعد لوگوں کو گلے لگانے کی ضرورت ہے تاکہ ایسی ریاست تشکیل دی جاسکے جہاں مزید دہشت گرد پیدا نہ ہوں، جس دن عوامی حمایت حاصل ہوئی حکومت کے سامنے مسائل لے کر کھڑا ہوجاؤں گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں