اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرنز کے بعد ثابت ہوگیا مریم وزیراعظم کی زیرکفالت نہیں، عمران خان کا موقف صبح کچھ اور شام میں کچھ ہوتا ہے جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ن لیگ کی کارکردگی سے مخالفین بوکھلاہٹ کاشکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مریم نواز کے زیرکفالت ہونے کے معاملے پر دلائل دیئے گئے
انکم ٹیکس ریٹرنز کے بعد ثابت ہوگیا مریم وزیراعظم کی زیرکفالت نہیں، پاناما کے معاملے پرپٹیشنرز نے کئی مرتبہ اپنا مؤقف تبدیل کیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کا مؤقف صبح کچھ اور شام میں کچھ ہوتا ہے، مشرف نے حکومت کا تختہ الٹا تو عمران خان بہت خوش تھے، عمران خان کے دماغ میں تھا، شاید ان کی کوئی لاٹری نکل آئے، دھرنا دیکر بھی عمران خان نے لاٹری نکلنے کا سوچا تھا، عمران خان جمہوریت اور ووٹ کی طاقت پر یقین نہیں رکھتے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی کی داستان سے آپ کی ذہنی کیفیت کا پتہ چلتا ہے، تاریخ میں کسی سیاسی لیڈر نے تین نسلوں کا حساب نہیں دیا ہوگا، میڈیا اور عدالت روز سوالات پوچھتے ہیں، وہ روز جواب دیتے ہیں، یہ لوگ اپنے مقدمات سے بھاگ رہے ہیں، جواب نہیں دیتے۔
وزیر دفاع نے الزام لگایا کہ اسپتال کے نام پر پیسہ جمع کرکے سٹے پر لگایا جاتا ہے، حکومت پاکستان کو محفوظ مستقبل کی طرف لے جارہی ہے، ان کاتوازن ٹھیک نہیں رہا، ان کے سارے توازن ٹھیک ہوجائیں گے۔
خان صاحب جلن اور حسد کا شکار نہ ہوتے تو پاکستان زیادہ آگے بڑھ گیا ہوتا، سعد رفیق
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی کارکردگی سے مخالفین بوکھلاہٹ کاشکار ہیں، سیاسی طور پر میچور ہوتے تو ہمارا مقابلہ ترقی کے ذریعے کرتے، پاناما سیاسی مقدمہ ہے اس پر صرف سیاست کی جارہی ہے۔
خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ پٹیشنرز کا مقصد پاناما کیس کا فیصلہ کرانا نہیں ہے، ہمارے سیاسی مخالفین نے نوٹنکی لگائی ہوئی ہے، یہ لوگ ہیجان پیدا کرکے عدالت کا وقت ضائع کررہے ہیں۔
وزیر ریلوے نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب نے سی پیک کے راستے میں رخنہ ڈالا، خان صاحب جلن اور حسد کا شکار نہ ہوتے تو پاکستان زیادہ آگے بڑھ گیا ہوتا، عمران خان کی مرضی کے خلاف فیصلے آئیں تو وہ خوش نہیں ہوتے، عمران خان اسی پرخوش ہوتے ہیں، جہاں وہ جیت جاتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ اپنے حصے کا کام نہیں کرتے، لوگوں کو گمراہ کرنے آجاتے ہیں، عمران خان نے کبھی خیبرپختونخوا کا رخ نہیں کیا ہے، ن لیگ نوازشریف کی قیادت میں تعمیر وترقی کا سفر جاری رکھے گی، کیا پاکستان میں لوڈشیدنگ میں کمی نہیں آئی ہے؟ ہم نے کب کہا ہے کہ پاکستان سے لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کبھی دھرنا دیکر، کبھی جھوٹ بول کرہماری ٹانگیں کھینچی جارہی ہیں، نئے پاکستان کا جھانسہ دیکرعمران خان نے کئی لاکھ ووٹ لئے، خیبر بینک کا کباڑا کردیا گیا کوئی اس پربات ہی نہیں کرتا ہے، دوسروں پرانگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبان میں کیوں نہیں جھانکتے،
سعدرفیق نے کہا کہ اے پی ایس ہوا، جیل ٹوٹی کسی نے اس پراستعفیٰ نہیں دیا، ہم ایک صوبے نہیں پورے پاکستان کو سامنے رکھ کرکام کررہے ہیں، گرمی کی وجہ لوگ گوجرانوالہ کے کنونشن ہال سے باہر نکلے تھے۔
،