جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

اسمبلی میں لیگی ارکان کے مبینہ حملے کے خلاف تحریک انصاف کی تحریک استحقاق

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں ن لیگی اراکین کی جانب سے حملے کے خلاف تحریک انصاف نے تحریک استحقاق جمع کروا دی۔ تحریک استحقاق میں کہا گیا کہ لیگی ارکان کے شرمناک رویے سے ارکان اسمبلی کا استحقاق مجروح ہوا۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگی اراکین اسمبلی کی جانب سے حملے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے تحریک استحقاق جمع کروا دی۔

تحریک استحقاق میں شاہد خاقان عباسی، میاں منان اور کیپٹن صفدر و دیگررہنما نامزد ہیں۔ تحریک استحقاق پر تحریک انصاف کے 23 ارکان اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔

تحریک استحقاق میں کہا گیا ہے کہ ن لیگی رکن شاہد خاقان عباسی نے ایوان میں گالم گلوچ کی۔ ن لیگی ایم این اے میاں منان نازیبا اشارے کرتے رہے۔ لیگی ارکان کے شرمناک رویے سے ارکان اسمبلی کا استحقاق مجروح ہوا۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ قومی اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ افسوس ناک تھا۔ وزیر اعظم اسمبلی میں آ کر اپنے مؤقف کی وضاحت کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکومت کا ایسا رویہ کبھی نہیں دیکھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومت اور تحریک انصاف کے اراکین آپس میں گتھم گتھا ہوگئے تھے۔ ارکان نے ایک دوسرے کو تھپڑ مارے اور ایک دوسرے کے لیے نازیبا زبان استعمال کی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے آ کر اراکین کو چھڑایا۔ جھگڑے کے باعث اسپیکر کو اجلاس معطل کرنا پڑا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں