کراچی: پی ایس ایل میں شامل کراچی کنگز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے ایونٹ میں شرکت کی، کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی کراچی کنگز کا حصہ ہیں،اس بار نہیں لیکن اگلی بار پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس میں قاری نے انتہائی خوش الحان آواز میں تلاوت پیش کرکے حاضرین کو مسحور کردیا۔ بعدازاں قومی ترانہ پڑھا گیا جسے سب نے کھڑے ہو کر سنا اور کراچی کنگز کا آفیشل سانگ ’’دلوں کے ہم ہیں بادشاہ‘‘ پر پرفارمنس پیش کی گئی، پروگرام کی میزبانی فہد مصطفی نے کی۔
وزیراعلیٰ سندھ ، ڈی جی رینجرز اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت
تقریب میں وزیراعلیٰٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید،پی ایس ایل کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال، میئر کراچی وسیم اختر، ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، معروف تاجر عقیل کریم ڈھیڈھی،صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ،اے آر وائی نیٹ ورک کے چیئرمین حاجی اقبال، اینکر پرسن وسیم بادامی، اقرار الحسن، جیتو پاکستان کے اینکر فہد مصطفی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں شرکت کے لیے چوہدری عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ بھی خاص طور سے کراچی تشریف لائے اور انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کی فتح اوراس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اگلے سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرائیں گے، مراد علی شاہ
تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ آئندہ سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرائیں گے،مجھے اس کے لیے کراچی کے عوام اور قانون نافذ کرنے والےاداروں کا ساتھ درکار ہے۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عوام پرجوش ہیں، کراچی کنگز ضرور جیتے گی،ایسے ایونٹس دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، کراچی کی رونقیں اورخوشیاں بحال ہورہی ہیں، اس اسٹیڈیم میں بہت جلد میچز بھی ہوں گے۔
ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ ٹی وی پرکراچی کنگز کی تقریب دیکھی تو جوش آیا اور اسٹیڈیم آگئی۔ تقریب میں سید مرادعلی شاہ، میئر کراچی وسیم اختراور دیگر شرکا کو’’کراچی کنگز‘‘کی شرٹس پیش کی گئیں۔
چیئرمین اے آر وائی نیٹ ورک حاجی اقبال نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے اور بھی بہت کچھ سوچا ہے، کراچی میرا شہر ہے، چاہتا ہوں یہ ترقی کرتا رہے۔
وائس چیئرمین اے آر وائی نیٹ ورک حاجی رؤف نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر میرا پسندیدہ کھلاڑی ہے، آئندہ سال انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان میں کھیلیں گی، جنید جمشید کے بیٹے تیمور جنید نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم لانچنگ دیکھ کربہت خوشی ہورہی ہے۔
سلمان اقبال نے کراچی کنگز کی ٹیم متعارف کرادی
اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایونٹ کراچی والوں کا ایونٹ ہے اور ٹیم صرف اے آر وائی کی نہیں پوری کراچی کی ٹیم ہے۔
مالک کراچی کنگزسلمان اقبال نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کوئی پی ایس ایل دیکھنے نہیں آئے گا،گزشتہ سال کی طرح کراچی آج پھر چمک رہا ہے،کوشش ہوگی اس سال کاکپ ہماراہو، کراچی کو کراچی بنانے کا سہرا اوزیر اعلیٰ اور میئر کراچی کوجاتا ہے۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی والوں یہ شہر ہمارا ہے، ہمیں اسے اجاگر کرنا ہے۔ بعد ازاں سلمان اقبال نے کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔
کراچی کنگز میں شعیب ملک، محمد عامر، بابراعظم، عماد وسیم، سہیل خان، شاہ زیب حسن، سیف اللہ بنگش، راحت علی، حسن محسن، خرم منظور،اسامہ میر کرس گیل، کمارا سنگا کارا، روی بوپارہ، مہیلاجے وردھنے اور رائن میکلارن اور پولارڈ کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل ہیں۔ ٹیم کاتعارف کرانے پر شائقین نے کراچی کنگز کاشانداراستقبال کیا۔