کراچی : جماعت اسلامی کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر آل پارٹی کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، ہر قوم کو اپنی تقدیر کے فیصلے کرنے کا حق ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے تحت ادارہ نور حق کراچی میں یکجہتی کشمیر آل پارٹی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں شہرکے مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔
کشمیرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ حافظ سعید احمد کو نظر بند کرکے نوازشریف نے بھارت نوازی کا ثبوت دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپ اور دیگر دنیا کو سب کچھ نظر ارہا ہے مگر کشمیر میں بھارت کی دہشت گردی نظر نہیں آتی، حافظ سعید کو نظر بند کیا گیا جبکہ بھارتی ایجنٹ کلبوشن یادیو کے ثبوت ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی، انہوں نے کہا کہ یوم کشمیر کے موقع پر بھارتی فلم پاکستانی سنیماؤں میں لگا کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی ہے۔
پپپلز پارٹی کے رہنما این ڈی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کے ایشو پر دو رائے نہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اسے ہمارے ساتھ ہی ہونا چاہئیے۔
سیکورٹی کونسل کی پاس کردہ قرارداد کے حوالے سے دنیا کو اگاہ کرنا ہوگا .آل پارٹی کانفرنس میں شریک رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پرعالمی اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ہر قوم کو اپنی تقدیر کے فیصلے کرنے کا حق ہے۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ متحرک شخصیت کو با ضابطہ اورباقاعدہ وزیر خارجہ مقرر کرے تاکہ مسئلہ کشمیر کو قومی پالیسی کا مستقل حصہ رکھا جائے۔