لندن: ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد نے وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں اپنے ملک پہنچ جاؤں گا اور واپس آکر بتاؤں گا کہ کس کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد نے وطن واپسی کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ تیس سالوں سے سیاست سے تعلق رہا وطن واپس آکر فیصلہ کروں گا کہ کس کا ساتھ دوں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی سیاست کراچی میں ہو گی، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے، پاکستان واپسی کا اصل مقصد وطن کی خدمت کرنا ہے۔
پڑھیں: ’’ سلیم شہزاد کا ندیم نصرت اور دیگر اراکین کو رابطہ کمیٹی سے نکالنے کا خیرمقدم ‘‘
یاد رہے 22 اگست کی متنازعہ تقریر کے بعد سلیم شہزاد نے ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا اور لندن رابطہ کمیٹی کی رکنیت خارج ہونے کے فیصلے پر ایم کیو ایم پاکستان کو شاندار الفاظ میں سراہا تھا۔
مزید پڑھیں: ’’ سلیم شہزاد منظر عام پر آگئے، الطاف حسین سے لاتعلقی اور وطن واپسی کا اعلان ‘‘
واضح رہے چار سال قبل پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے پر بانی ایم کیو ایم اور رابطہ کمیٹی نے سلیم شہزاد کی بطور رہنما رکنیت ختم کی تھی اور انہیں گھر بھیج دیا تھا۔