منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

پنجاب میں گرینڈ آپریشن کیا جائے، پی ایس ایل فائنل کیلئے مکمل تعاون کریں گے، آرمی چیف

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردوں کے خلاف جنوبی پنجاب میں آپریشن کی ہدایت کردی ساتھ ہی کہا ہے کہ لاہور دھماکے کا مقصد پی ایس ایل کے فائنل کو سبوتاژ کرنا ہے، فائنل کا لاہور میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا جس کے لیے پاک فوج مکمل تعاون کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور پہنچ کر کور ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ عسکریت قیادت کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں جی او سی 10 ڈویژن اور حساس اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی جس میں آرمی چیف نے پاک فوج کو جنوبی پنجاب میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے آرمی چیف کو مال روڈ پر گزشتہ روز ہونے والے خود کش دھماکے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

- Advertisement -

 

آرمی چیف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب میں گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو اعتماد میں لینے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) احمد مبین اور لاہور سانحہ کے شہداء ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نام تبدیل کرکے کام کرنے والی تنظیموں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے، انٹیلی جنس بیس آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا، کومبنگ آپریشنز کی رفتار مزید بڑھائی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ غیر انسانی سوچ کو ختم کرکے دم لیں گے، ہمارے بچوں اور قوم کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے  لئیق الرحمان کے مطابق  اجلاس میں آرمی چیف کو لاہور دھماکے اور اس کے مضمرات سے آگاہ کیا گیا جس پر ان کا کہنا تھا کہ لاہور دھماکے کا مقصد درحقیقت پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے فائنل میچ کو سبوتاژ کرنا تھا، فائنل کے لاہور میں انعقاد کے لیے پاک فوج سمیت تمام متعلقہ ادارے ہر ممکن تعاون کریں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گاکہ فائنل لاہور میں ہی ہو۔

انہوں نے مرحوم ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن(ر) محمد مبین کے گھر کا دورہ کیا اور ان کی والدہ اور اہل خانہ سے ملاقات کی اور کہا کہ ان کے بہادر بیٹے نے قوم کے لیے جو قربانی دی وہ رائیگاں نہیں جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا دہشت گردی ختم ہو۔

انہوں نے سروسز اسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کرکے عیادت کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں نے چند افغانیوں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے جب کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں