اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ عالمی برادری نے پاکستان کی بے مثال میزبانی کو سراہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے افغان مہاجرین سے متعلق ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی سکونت اور مہمان نوازی سے لے کر افغانستان واپسی تک اپنی تمام تر ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برداری نے بھی پاکستان کی بےمثال میزبانی کو سراہا ہے جب کہ اقوام متحدہ اور خود افغانستان بھی پاکستان کے جذبے کو سراہتا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 30 سے زائد عرصے تک افغان مہاجرین کی بہترین میزبانی کرتے ہوئے رہائش سمیت تمام تر ضروری اور بنیادی سہولیات فراہم کی ہے جب کہ اب مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی خود افغانستان میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے اور مہاجرین کی افغانستان واپسی تک آدابِ میزبانی کو بہترین انداز سے نبھائیں گے۔
واضح رہے افغان مہاجرین کی حالت زار کے حوالے سے ہیومن رائٹس واچ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں افغان مہاجرین کے لیے ناکافی انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کو ہدف تنقید بنایا ہے۔