اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت خیرپختون خوا کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، ریکٹر اسکیل پر شدت 6 نوٹ کی گئی، فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات غلام رسول نے اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 نوٹ کی گئی، اس کا مرکز تاجکستان تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ زلزلہ کافی شدت کا ہوتا ہے لیکن اگر زلزلے کی گہرائی کم ہو تو نقصانات کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے اور انفرا اسٹرکچر متاثر ہوسکتا ہے ،شدت چھ ہونے کے بعد آفٹر شاکس بھی آسکتے ہیں جو کہ فوری بعد آتے ہیں تاہم ابھی تک آفٹر شاکس کا ڈیٹا موصول نہیں ہوا۔
ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ خیبر پختون خوا کے تقریبا تمام بالائی علاقوں سمیت پنڈی اور اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں چونکہ اس کا مرکز تاجکستان تھا اس لیے تاجکستان سے نزدیک واقع شہروں میں شدت زیادہ محسوس ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں کچھ جگہیں، ہندوکش کا پہاڑی علاقہ، اور بلوچستان میں کچھ علاقے فالٹس پر واقع ہیں جہاں نقصان کا اندیشہ زیادہ ہوتا ہے۔
مزید اطلاعات آئی ہیں کہ آزاد کشمیر، مظفر آباد، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔