کراچی: بابائے انسانیت عبدالستار ایدھی مرحوم کے اعزاز میں اسٹیٹ بینک نے یادگاری سکہ جاری کردیا، اسٹیٹ بینک اس سے قبل قومی ہیروز کی یاد میں 26 سکے جاری کرچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ملک کی معروف سماجی شخصیت اور دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس کے بانی عبد الستار ایدھی مرحوم کی سماجی خدمات کے اعتراف میں ان کی 89 ویں سالگرہ کے موقع پر پچاس روپے کا یادگاری سکّہ جاری کردیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے گورنر اشرف وتھرا کی منظوری سے جاری ہونے والے پچاس روپے کے سکے میں 70 فیصد تانبا، اور تیس فیصد نکل کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس کا قطر 30 ملی میٹر ہے۔
سکے پرعبدالستار ایدھی مرحوم کی تصویر کندہ کی گئی ہے، یاد رہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ سال جولائی میں اسٹیٹ بینک کوعبدالستار ایدھی کی یاد میں خصوصی سکہ جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ عبد الستار ایدھی گزشتہ سال طویل علالت کے بعد 88 برس کی عمر میں 8 جولائی 2016 کو انتقال کر گئے تھے، ان کے گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
مزید پڑھیں : اے آئی وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کا ایدھی کی یوم وفات کو چیرٹی ڈے قرارد ینے کی تجویز
وزیراعظم نواز شریف نے ایدھی کے انتقال پر ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا تھا، عبد الستار ایدھی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔