کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پاکستان میں خواتین کی خود مختاری کے لیے مزید اقدامات اٹھائے گی۔
عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس یہ منفرد اعزاز ہے کہ اس کی سربراہی ایک خاتون کے پاس رہی۔ بے نظیر بھٹو عالم اسلام میں کسی ملک کی پہلی خاتون سربراہ بنیں۔ انہوں نے پاکستان میں خواتین کی خود مختاری و ان کی فلاح و بہبود کے لیے بے شمار اقدامات اٹھائے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنے دور حکومت میں خواتین کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔ پاکستان میں فرسٹ ویمن بینک کا قیام، خواتین کی علیحدہ پولیس اور عدلیہ میں اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی تعیناتی اسی سلسلے کی کڑیاں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے بعد بھی ان کی جماعت نے ان کے وژن پر کام جاری رکھا اور اسی وژن کے تحت بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا جسے عالمی طور پر سراہا گیا۔
بلاول نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان میں صنفی مساوات اور پاکستانی خواتین کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی بشمول صحت و تعلیم کے لیے لڑتی رہے گی۔ ’پاکستان کی ہر لڑکی بے نظیر بھٹو بن سکتی ہے اگر اسے مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے‘۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پیپلز پارٹی خواتین کے تحفظ کے حوالے سے مزید قانون سازی بھی کرے گی۔