کراچی : مشیرِ اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ طاقت کا توازن درست نہیں ہوگا تو انصاف نہیں ملےگا اگر طاقت کا توازن درست ہوگیا توطاقتور کا بھی احتساب ہوگا۔
یہ بات مولابخش چانڈیو نے پاناما کیس پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہی انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کے خلاف سازش ہورہی ہے۔
مولابخش چانڈیو نے کہا کہ وزیرِ مملکت مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر اعتزاز احسن کی تشویش کا اظہار معنی رکھتاہے وہ ممتاز قانون دان ہیں اور آئینی کی باریکیوں کو بہ خوبی جانتے ہیں۔
مشیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کوایسافیصلہ دیناچاہیےکہ جس پر پورا ملک فخر کرے تاکہ ملک سے کرپشن کی عفریت کو جر سے اکھاڑ پھینکا جا سکے اور ملک میں اصولوں کی سیاست کو رواج ملے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والوں کی طرف سے ایک بار پھر اداروں متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کو ہدفِ تنقید بنانے پر مشیرِ اطلاعات نے ردعمل میں کہا کہ پاناما لیکس نےانہیں پاگل کردیا ہے حالانکہ پاناما پیپرز ہو یا عمران خان یہ پیپلز پارٹی نے تو نہیں بنائے۔
مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم کو پورا ملک جانتاہے لیکن اگر کوئی ایسی شخصیت ہیں جو انہیں نہیں جانتیں تو یہ ہماری وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ہیں جو نہیں جانتیں۔
مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ڈان لیکس والے معصوم تھے تو پرویز رشید کو کیوں نشانہ بنایاگیا اور جب پرویز رشید کوگھر بھیجاگیا اس کا مطلب آپ جرم مان چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے لیےمختلف قوانین بنائے گئے ہیں اور ایسا کرنے والے یہ بھول گئے ہیں کہ ایسے رویے کے نتائج کیا نکلیں گے لیکن ہم بھولے نہیں ہیں۔