لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کراچی میں کارکنوں پرتشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار کارکنوں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔ جبر اور تشدد سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیرجماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹرسراج الحق، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، نائب امراء حافظ محمد ادریس ، راشد نسیم ، اسد اللہ بھٹو ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، میاں محمد اسلم اور پروفیسر محمد ابراہیم نے کراچی میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔
رہنماؤں نے کہا ہے کہ گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ سے احتجاج کا حق نہیں چھینا جاسکتا۔ پولیس ظلم و جبر اورتشدد سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔ جلسہ جلوس اور احتجاج عوام کا جمہوری حق ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی و ضلعی حکومتیں احتجاج روکنے کی بجائے لوڈ شیڈنگ ختم کرائیں، وزیراعلیٰ سندھ کے الیکٹرک کی زیادتیوں کا نوٹس لیں اور شہریوں کو ظالمانہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتارکارکنوں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔