کراچی: سی پی ایل سی نےمارچ میں ہونےوالےجرائم کےاعداد و شمار جاری کردیے، جن کے مطابق مارچ میں فائرنگ سے 24 افراد جاں بحق ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں امن و امان کے حوالے سے سی پی ایل سی نے مارچ میں ہونے والے جرائم کے اعداد و شمار کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق گزشتہ ماہ شہر قائد میں فائرنگ سے 24 افراد جاں بحق ہوئے اور بھتہ خوری کے 2 مقدمات درج ہوئے۔
سی پی ایل سی کے مطابق شہر میں ایک اغواء برائے تاوان کا کیس سامنے آیا جبکہ 1271 موبائل فون چوری ، 1016 چھیتے گئے، موٹرسائیکل چوری ہونے 1807 جبکہ چھیننے کے 184 مقدمات درج ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ 84 گاڑیاں چوری ہوئی جبکہ 14 گاڑیاں اسلحے کے زور پر چھینی گئیں۔
حکام کے مطابق موبائل فون، موٹرسائیکل، اور گاڑیاں چھیننے کے بہت سارے واقعات درج نہیں کروائے گئے۔ سی پی ایل سی کی جانب سے ہرماہ کے اختتام پر جرائم کے اعداد و شمار جاری کیے جاتے ہیں۔
دوسری جانب آپریشن ردالفساد کے تحت رینجرز بھی روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کر کے جرائم میں ملوث افراد کو گرفتار کرتی ہے تو سی ٹی ڈی اور پولیس بھی خفیہ اطلاع جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا تنگ کررہی ہے۔