بنی گالہ : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ اگر تبدیلی میوزیکل چیئر کا نام ہے تو اللہ ایسی تبدیلی سے سب کو محفوظ رکھے۔
وہ بنی گالہ کے علاقہ کری میں اپنی سالگرہ کی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیڈران سے میرا ویژن ملتا ہی نہیں، پی ٹی آئی سمیت کوئی سیاسی جماعت جمہوری نہیں،جن نوجوانوں کو گیٹ پر کھڑا رکھتے ہیں انہیں کبھی اسٹیج پر بیٹھا نہیں دیکھا۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سوال پوچھا کہ سالگرہ کی تقریب کے لئے بنی گالہ کا انتخاب کر کے کسی کو کوئی پیغام دینا چاہتی ہیں جس پر ریحام خان نے جواب دیا کہ جنہیں اللہ کوئی پیغام نہیں دے سکا ایسے لوگوں کو وہ کیا پیغام دیں گی۔
All fired up for the start of my life….A sparkling new beginning pic.twitter.com/uATiLJLHor
— Reham Khan (@RehamKhan1) April 2, 2017
ریحام خان نے عمران خان کا نام لیے بغیر سوال کیا کہ کیاسیاست صرف خواتین کو اپنے جلسوں کی زینت بنانے کا نام ہے؟؟
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تعلیمی نظام ویسا نہیں ہے جیسا کہ میڈیا میں بتایا جاتا ہے حالات اس کے بالکل برعکس ہیں۔
ریحام خان نے کہا کہ کسی سے ڈرتی نہیں ہوں لیکن پھر بھی کہتی ہوں پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت میں جمہوریت نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ریحام کا کہنا تھا کہ اگر کسی سیاسی پارٹی سے ملک کی خدمت کے جذبے کے تحت شمولیت کی آفر آئی تو وہ اسے قبول کریں گی۔
واضح رہے ریحام خان نے اپنی سالگرہ بنی گالہ میں غریب و نادار بچوں کے ہمراہ منائی اور سالگرہ کا کیک کاٹا اس موقع پر ریحام خان نے ریحام خان فاؤنڈیشن اسکول کی بنیاد بھی رکھی۔