ہفتہ, دسمبر 28, 2024
اشتہار

کلبھوشن کو پھانسی پرحکومت کی گھبراہٹ سمجھ سے بالاتر ہے، شیریں مزاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر حکومت اور وزیر اعظم میاں نواز شریف مسلسل خاموش ہیں۔ اگر اسی قسم کی صورتحال بھارت میں پیش آتی تو کیا بھارتی حکومت اور مودی اس طرح خاموش رہتے؟ حکومت اور میاں نواز شریف کی گھبراہٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔

ان خیالات کا اظہار رہنما پی ٹی آئی شیریں مزاری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر، تجزیہ کار ڈاکٹر فرخ سلیم، پی ایس پی رہنما انیس ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔

شریں مزاری کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت انتہا درجے کی نااہل ہے، میاں نواز شریف بھارت کو ناراض کرنا نہیں چاہتے، اِدھر بھارت لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کررہا تھا تو اُدھر وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے انقرہ میں جاکر ان سے تجارت کرنے کی باتیں کیں۔

- Advertisement -

شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت کی خاموشی سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے معاملے میں حکومت کا بھارت کے ساتھ ڈیل کا امکان ہے، ابھی تک حکومت نے قومی اسمبلی کو کلبھوشن یادیو کے معاملے میں اعتماد میں نہیں لیا اگر وزیر اعظم چپ رہے تو باقی لوگ کیا کرسکتے ہیں، جب کلبھوشن پکڑا گیا تو اس واقعے کو ہم سفارتی طورپر استعمال کرسکتے تھے جو کہ ہم نے نہیں کیا۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی صرف معاشی حکمت عملی ہی ناقص نہیں بلکہ بھارت سے متعلق ہماری پالیسی، کشمیر سے متعلق سفارت کاری، امریکہ سے تعلقات اور نیوکلیئر ڈپلومیسی بھی کہیں نظر نہیں آتی۔ حکومت نام کی کوئی چیز سرے سے کہیں موجود نہیں پالیسیوں کا فقدان ہے۔ ہندوستان کے خلاف ہم کچھ بھی کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اودھم مچا رہا ہے کہ بھارتی سفارت کاروں کو کلبھوشن یادیو سے ملنے نہیں دیا گیا، حالانکہ پاکستان نے ایسے کسی معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں جس میں جاسوسوں سے سفارت کاروں کو ملنے کی اجازت دی جاتی۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا خدشہ ہے کہ حکومت کلبھوشن یادیو کے معاملے میں بھارت کے ساتھ کوئی مک مکا نہ کرلے۔

ایک سوال کے جواب میں شیریں مزارینے کہا کہ الطاف حسین برطانیہ کے لئے اثاثہ ہے جس کو وہ اپنے مقاصد کے لئے استعمال کر رہا ہے۔ بھارت کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو دباﺅ میں رکھا جائے۔

بھارت پاکستان کوغیرمستحکم کرنےمیں ملوث ہے، نوید قمر

رہنما پیپلزپارٹی نوید قمر نے کہا کہ جب وزیر اعظم اقوام متحدہ میں خطاب کرنے گئے تھے تو اس وقت کلبھوشن یادیو اور پاکستان میں بھارت کی بے جا مداخلت کا معاملہ بھرپور انداز سے اٹھانا چاہیئے تھا لیکن وزیر اعظم نواز شریف نے اس موقع کو ضائع کیا۔

نوید قمر نے کہا کہ بھارت باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پاکستان پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کاالزام لگاتا آیا ہے ،اس وقت اگر دنیا کے سامنے کلبھوشن کے معاملے اور بلوچستان میں بدامنی کو ہوا دینے میں بھارت کے کردار کو بھرپور طریقے سے پیش کیا جاتا تو دنیا میں ہمارا مقدمہ مضبوط ہوجاتا۔

کلبھوشن کی پھانسی کے فیصلے پر بھارت نے ایک مرتبہ پھر انتہائی سخت درعمل کا اظہار کیا ہے لیکن ابھی تک ایک مرتبہ پھر وزیراعظم اور ان کی حکومت خاموش ہے۔

نوید قمر کا کہنا تھا کہ ہندوستان پہلے ہی سے اشتعال انگیزی پھیلا رہا تھا اب اس جلتی پر مزید تیل چھڑکا جائے گا۔ چونکہ ہم نے اس پورے کیس کو سنجیدگی سے نہیں لیا ہم دنیا کو باور کرانے میں ناکام رہے کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث ہے یہی وجہ ہے کہ آج ہمارا کیس دنیا میں کسی کو بھی سمجھ نہیں آرہا ہے۔ اب بھی ایسا لگتا ہے کہ ہندوستان دنیا میں واویلا مچا ئے گا اور دنیا کی ہمدردی سمیٹ لے گا۔

پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے نوید قمر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پہلے ہی سے خراب ہیں اب مزید خرابی کی طرف جائیں گے اور بھارت پاکستان پر ہر ممکن طریقے سے دباﺅ ڈالنے کی کوشش کرے گا۔ وقت کا تقاضہ یہ ہے کہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ نوید قمر نے کہا کہ سینیٹ کا اجلاس جاری ہے جس میں اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایاجائے گا اب اس معاملے کو اتنی جلدی غائب کرنا ممکن نہیں۔

نوید قمر نے کہا کہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے قرضے حاصل کرنے کے لئے اعداد وشمار کا استعمال کررہے ہیں لیکن آخر کب تک خالی اعداد وشمار سے قرضہ حاصل کرتے رہیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ ایک بات واضح ہوگئی ہے کہ موجودہ حکومت جو قرضے لے رہی ہے اس کا بوجھ اگلی حکومت پر ڈالنے کی تیاری ہے۔

پاکستان کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنیکی سازشیں کی جارہی ہیں، ڈاکٹر فرخ سلیم

سنیئرتجزیہ کار ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ کلبھوشن کا معاملہ ملکوں کی تاریخ میں ایک منفرد قسم کا کیس تھا ایک کمانڈر لیول کا افسر کسی ملک میں جاسوسی اور انتشار پھیلاتا ہوا پکڑا گیا، اس واقعے کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے ہوئے بھارت کو بدنام کرسکتے تھے لیکن ہم نے اس اہم موقع کو ضائع کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے بھارت باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کے خلاف مہم چلارہاہے، 1984ءمیں سندر جی نامی جنگی حکمت عملی یا وار ڈاکٹرین سامنے آیا جو 2004تک چلتا رہا اس ڈاکٹرین کا مقصد پاکستان کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کرکے اس کی وحدت کو ختم کرنا تھا۔

پاکستان کے سامنے آدھا درجن سے زائد اسڑائیک کور کھڑا کیا تھا لیکن وہ منصوبہ بری طرح ناکام رہا، اسکے بعد کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرین سامنے آیا جس کا مقصد یہ تھا کہ پاکستا ن کے کچھ حصے کو اپنے قبضے میں لے لیا جائے وہ منصوبہ بھی ناکام رہا۔ اس کے بعد مودی دووال ڈاکٹرین تیار کیا گیا کلبھوشن یادیو کے مسئلے کو اس جنگی حکمت عملی کے تناظر میں دیکھنا چاہیئے۔

اس میں بلوچستان اور کراچی میں انتشار پھیلانا اور اس طریقے سے پاکستان کو معاشی لحاظ سے تباہ کرنا تھا، اس معاشی جنگ میں بلوچستان اور کراچی میں انتشار اور بدامنی کو ہوا دی جارہی ہے، اس قسم کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے دو چیزیں درکار ہوتی ہیں، اول افرادی قوت دوم پیسہ۔ افرادی قوت علیحدگی پسندوں اور تخریب کاروں کی صورت میں بلوچستان اور کراچی میں موجود ہے جبکہ پیسہ بھارت فراہم کررہا ہے ۔یوں مودی ڈاکٹرین بہت حد تک کامیاب جارہا ہے ۔ہمیں یہ جاننا ہوگا کہ جب سے پاکستان بنا ہے بھارت میں مسلسل پاکستان کے خلاف نئی وار ڈاکٹرین بنائی جاتی رہی ہے۔

ایک پاکستانی سابق فوجی افسر کی گمشدگی سے متعلق ڈاکٹر فرخ سلیم کا کہنا تھا کہ کرنل (ر) حبیب فیصل آباد میں کام کرتے تھے، انہوں نے نوکری کے لئے اپنی سی وی انٹرنیٹ پر ڈالی تھی، نوکری کے سلسلے میں وہ نیپال گئے وہاں سے انہیں اغواء کیا گیا،جبکہ پہلے ہی سے یہ وارننگ دی جا چکی تھی کہ کسی سابق فوجی اہلکار کو اغواء کیا جائے گا، کرنل حبیب کے اغواء میں بھارت کے ملوث ہونے کے روشن امکانا ت ہیں جسے بھارت کلبھوشن یادیو کے معاملے میں اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرسکتا ہے۔

ایک سوال پر کہ کیا کلبھوشن یادیو کا معاملہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف معاشی دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے؟ ڈاکٹر فرخ سلیم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ڈاکٹرین بناتے وقت مختلف زاویوں سے کسی ملک کی کمزوریوں کو دیکھا جاتا ہے، بھارت ہماری فوجی کمزوریوں کو نہیں بھانپ سکا، اب اسنے اپنے ڈاکٹرین کو تبدیل کرکے پاکستان کی معیشت پر حملے شروع کردیئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فرخ سلیم نے کہا کہ اسحاق ڈار اب سمجھ گئے ہیں کہ اگلی حکومت ان کی نہیں آنے والی ۔ اس لئے قرضوں پر قرضے لئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر فرخ سلیم نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کرپشن اور منی لانڈرنگ قومی مفاد بن گیا ہے اسے باقاعدہ قومی مفاد قراردیا جانا چاہیئے۔

کلبھوشن کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا، انیس ایڈوکیٹ

پاک سر زمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ اب کلبھوشن یادیو کے کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا۔ دنیا کے سامنے بھارت کامکروہ چہرہ دکھانا چاہیئے مگر افسو س کا مقام یہ ہے کہ دفتر خارجہ اب تک بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے میں ناکام رہا ہے، کلبھوشن یادیو کراچی میں ’را‘ کے ایجنٹوں سے اپنا تعلق بتاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین برس قبل ایم کیو ایم کے تین رہنماﺅں کے پیپرز لیک ہوئے تھے جن میں تسلیم کیا گیا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کے لئے الطاف حسین کو فنڈنگ کررہا ہے جو لوگ بھارت سے پیسہ لے کر الطاف حسین کے ہاتھ میں دیتے تھے انہوں نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سامنے تسلیم کیا تھا، لیکن ہم نے اس کیس کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیا، جبکہ بھارت نے بہتر سفارت کاری کے ذریعے برطانیہ کو اس کیس کو آگے لے جانے سے روک دیا۔

پانامہ کیس سے متعلق رہنما پاک سر زمین پارٹی انیس ایڈوکیٹ نے کہا کہ پانامہ کیس گزشتہ ایک ڈیڑھ ماہ سے محفوظ ہے اور شاید اگلے الیکشن تک یہ فیصلہ محفوظ ہی رہے گا۔ انیس ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی بہتر معاشی پالیسیوں سے حکمران طبقے کی معیشت بہتر ہوئی ہوگی عوام بھوک وافلاس سے مررہے ہیں۔ اربوں روپے کریشن کرنے کے بعد چند لاکھ میں جب ضمانت کرواتے ہیں تو ان کو دو دو سونے کے تاج پہنائے جاتے ہیں۔

انہون نے کہا کہ اگر کوئی ملک معاشی لحاظ سے تباہ ہوجائے تو فوجی قوت کام نہیں آتی اس کی مثال سامنے ہے کہ روس معاشی لحاظ سے تباہ ہوا تھا تو فوجی طاقت اس کو نہیں بچا سکی۔

Comments

اہم ترین

کریم اللہ
کریم اللہ
چترال سے تعلق رکھنے والے کریم اللہ نے پشاور یونی ورسٹی سے پالیٹیکل سائنس میں گرایجویش کیا ہے۔ فری لانس صحافی‘ کالم نگار اور بلاگر ہیں اور معاشرے کے سیاسی‘ سماجی اور ثقافتی موضوعات پر بھرپور گرفت رکھتے ہیں۔

مزید خبریں