اسلام آباد: حکومت نے غیر ملکی قرضوں میں اضافے کو تسلیم کرلیا، وزارتِ خزانہ کے مطابق تین سالوں میں 2 ارب 55 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں غیر ملکی قرضوں کے معاملے پر بحث ہوئی، جس میں حکومت کی جانب سے غیرملکی قرضوں کے اضافے کو تسلیم کیا گیا، وزارت خزانہ نے 3 سال میں غیر ملکی اداروں سے لیے جانے والے قرض کی تمام تفصیلات پیش کردیں۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں حکومت نے اعتراف کیا گیا ہے کہ 31 جنوری 2017 تک غیر ملکی اداروں سے 2557.39 ملین امریکی ڈالر قرضہ لیا گیا اور مجموعی طور پر 3 سال میں 2 ارب 55 ڈالر قرض حاصل کیا ۔
حکومت کی جانب سے جمع کروائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ چائنہ ڈیولپمنٹ بینک سے 70 کروڑ ڈالر کا قرض لیا گیا جبکہ آئی بی سی بینک سے 30 کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا گیا، کمرشل بینکوں سے1ارب20کروڑڈالرکا قرض لیا۔
وزارتِ خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نوربینک سے 20 کروڑ ڈالر کا قرض لیا گیا جبکہ ایشیائی ترقی بینک سے 30 کروڑ ڈالر کا قرض حاصل کیا گیا، ایشیاء انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ بینک سے 2 کروڑ جبکہ عالمی اداروں سے تین سال میں 1 ارب 25 کروڑ ڈالر کا قرضہ لیا گیا۔