اسلام آباد : صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے ترکی میں ریفرنڈم میں کامیابی پر ترک صدر رجب طیب اردگان کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے مطابق صدر اور وزیر اعظم نے ترک صدر کے نام اپنے پیغام میں امید ظاہر کی ہے کہ گزشتہ روز ہونے والا ریفرنڈم ترکی کے استحکام اور خوشحالی کا باعث ہوگا، آئینی ریفرنڈم میں دلچسپی عوام کی مستحکم ترکی کی خواہش کی عکاس ہے۔
پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ترکی کی موجودہ قیادت سے مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، امید ہے ریفرنڈم کے بعد ترکی میں خوش حالی اور استحکام آئے گا۔
خیال رہے کہ ترک حکومت نے اعلیٰ اختیارات وزیر اعظم سے صدر کومنتقل کئے جانے کے سوال پر ریفرنڈم کرایا تھا جس میں اکثریتی ووٹ نے حکومت کو یہ اختیار دے د یا ہے ۔ ریفرنڈم میں عوامی حمایت حاصل کئے جانے کے ساتھ ساتھ موجودہ صدر رجب طیب اردگان کے دور اقتدار میں بھی سنہ دوہزار انتیس تک توسیع ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں : ترک عوام نے صدارتی نظام کے حق میں فیصلہ سنا دیا
صدارتی نظام کے تحت ترک صدر پارلیمنٹ کو برخاست ، ایمرجنسی کا نفاذ کرسکیں گے اور پارلیمنٹ کی اجازت کے بغیر وزارتوں کو احکامات دے سکیں گے جبکہ صدارتی نظام میں وزیراعظم کا عہدہ بھی ختم کیا جائے گا، ریفرینڈم کے نتائج کے بعد صدراردوگان کے حامیوں نے جشن منایا۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ساٹھ فیصد ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ برس ترکی میں فوج کے ذریعے صدارتی تختہ الٹنے کی کوشش کی گئی تھی اور آرمی کے لوگ ٹینکوں پر بیٹھ کر سڑکوں پر نکل آئے تھے تاہم طیب اردگان کے ویڈیو پیغام کے بعد عوام نے مزاحمت کی اور بغاوت کو ناکام بنایا۔