اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فاٹا حقوق کے لیے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی، فاٹا حقوق کے لیے وفاقی دارالحکومت میں دھرنا ہوا تو پی پی بھی شامل ہوگی۔
اسلام آباد میں فاٹا اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کے بعد گفتگو کے دوران آصف علی زرداری نے کہا کہ فاٹا کے حقوق کے لیے چلنے والی ہر تحریک کا غیر مشروط ساتھ دیں گے، انضمام کے معاملے میں کسی گورنر یا پرمٹ راج کو نہیں مانتے۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کی خواہش ہے کہ اُن کے علاقے کو خیبرپختونخواہ میں ضم کیا جائے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی سطح پر اٹھنے والی آواز کا ساتھ دیا لہذا فاٹا کے معاملے پر چلنے والی ہر تحریک میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
پڑھیں: فاٹا اصلاحات کا بل کسی صورت منظور نہیں ہونے دینگے، فضل الرحمان
آصف زرداری نے کہا کہ فاٹا حقوق کے لیے اگر اسلام آباد میں دھرنا دیا گیا تو پیپلزپارٹی بھی بھرپور شرکت کرے گی، رمضان میں دھرنا ہوا تو شرکاء کی افطاری میری طرف سے ہوگی۔ سابق صدر نے فاٹا اراکین کو یقین دہانی کروائی کہ فاٹا حقوق کے لیے پارلیمنٹ کے اندر و باہر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔
FATA MNA’s delegation meet Former Pres Pak @AAliZardari at Zardari house Islamabad .CM Sindh ,@SaleemMandvi ,@Mustafa_PPP are also present pic.twitter.com/eVxx6I3BWK
— Fayaz Chachar (@ChacharFayaz) May 19, 2017
دوسری جانب اسپیکر ایاز صادق نے فاٹا اصلاحات میں تاخیر کا ملبہ شیر گل آفریدی پر ڈالتے ہوئے کہا کہ کچھ اراکین نے اپنے مقاصد کے لیے انضمام کی غلط تصویر پیش کی۔