اسلام آباد : کیپٹن (ر) صفدرنے کہا ہے کہ پاناما اس کے خلاف ہے جس نے پاکستان کوایٹمی طاقت بنایا تھا اور ہم 73 کے آئین کی حفاظت کرنے والے لوگ ہیں۔
وزیراعظم کے داماد پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جےآئی ٹی کے سامنے 5 گھنٹے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ میڈیا کے تمام دوستوں کا شکرگزارہوں۔
کیپٹن (ر) صفدرکا کہنا تھا کہ ساری رات پیچھا کرتے رہے اور صبح پوچھا زلیخاں لڑکی تھی یا لڑکا، جے آئی ٹی اندر تھی لیکن سوالات باہر سے آرہے تھے تاہم مجھ سے تحقیقات کرنے والے میرے جونیئرتھے جن کا میرے ساتھ رویہ بہت اچھا تھا۔
انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آئین اور پاکستان کے خلاف سازشیں بند کردو کیوں کہ عوام 2018 میں جو جے آئی ٹی دیں گے اس سے آپ کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا۔
کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ آج کارگل کے مجرم کوکوئی نہیں پوچھ رہا ہے جب کہ ملک کو ایٹمی طاقت دینے والے وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کا احتساب کیا جا رہا ہے جو اس سے قبل بھی کیا جاتا رہا ہے لیکن کچھ فائدہ نہیں ہواتھا کیوں کہ الحمد اللہ ہمارے دامن صاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے لیے پیشی میں پیش ہونا تو کیا بات ہے اگر تختہ دارپربھی چڑھنا پڑا تو بہ خوشی قبول ہے، کوئی بھی شخس کسی غلط فہمی میں نہ رہے میں منی ٹریل بھی دوں گا اوردستاویزات بھی دوں گا۔
خیال رہے قبل ازیں جے آئی ٹی کے سامنے وزیراعظم نوازشریف، ان کے بھائی وزیراعلیٰ شہبازشریف، صاحبزادے حسین نواز و حسن نواز اور سابق وزیرداخلہ رحمان ملک بھی پیش ہو چکے ہیں۔