سرگودھا : رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا کہنا ہے کہ عوام نے نوازشریف کو مسترد کردیا ہے، نواز شریف اب جیل میں جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا جیل سے رہائی پانے والے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی شہر سلطان کی جانب رواں دواں ہے، جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا جارہا ہے ، اس موقع پر جمشید دستی نے نواز شریف کی کرپشن کو بے نقاب کرنے پر اے آروائی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
جمشید دستی کا کہنا ہے کہ مجھے جاگیردارانہ نظام کیخلاف آواز اٹھانے پر سزا دی گئی، تخت لاہور کیخلاف پہلے بھی آواز اٹھائی اب بھی ان سے مقابلہ کروں گا، عوام نے نوازشریف کو مسترد کردیا ہے، نواز شریف اب جیل میں جائیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ نوازشریف ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اپوزیشن کا اتحاد ہوا تو عمران خان کے ساتھ ہوں گا، ہم سب مل کر ظالمانہ حکومت کیخلاف الیکشن میں حصہ لیں گے، الیکشن میں عمران خان کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی رہائی پر اُنکے آبائی علاقے جتوئی میں جشن کاسماں ہے، کارکن جمشید دستی کی رہائی پر خوشی سے نہال ہیں، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور گونوازگو کے نعرے لگارہے ہیں۔
مزید پڑھیں : رکن قومی اسمبلی جمشید دستی جیل سے رہا
شہریوں کیجانب سے انکی رہائی کی خوشی میں کوئی مٹھائی تقسیم کر رہا ہے توکوئی نوٹ نچھاورکررہا ہے۔
جمشید دستی کی والدہ بھی اپنے بیٹے کی رہائی پر بہت خوش ہیں، جمشید دستی کی بہن کا کہنا تھا کہ انصاف فراہم کرنے پر عدلیہ کے شکر گزار ہیں۔
یاد رہے گذشتہ روز سرگودھا انسداددہشتگردی کی عدالت نے اشتعال انگیزتقریر کیس میں جمشید دستی کی ضمانت منظور کی تھی اور رہائی کا حکم دیا تھا۔