سیالکوٹ: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی قطری شہزادے کا بیان لے گی تو معاملہ ختم ہوجائے گا، بارہواں کھلاڑی انتظار میں ہے کسی کو چوٹ لگے اور وہ بیٹنگ کرنے کے لیے میدان میں آئے۔
سیالکوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے بیٹے ، بیٹی اور داماد جے آئی ٹی میں پیش ہوئے اور اسی دوران کسی نے وزیراعظم کے بیٹے کی تصویر لیک کردی، اگر جے آئی ٹی کی کارروائی دکھائی جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو جے آئی ٹی نہیں بناتی بلکہ عوام بناتے ہیں، ملک کی سب سے بڑی جے آئی ٹی عوام ہے، آج نوازشریف کو ایسے لوگ پتھر ماررہے ہیں جن کا اپنا ماضی داغ دار ہے۔
خواجہ آصف نے مطالبہ کیا کہ جے آئی ٹی کی کارروائی دکھائی جائے تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ نوازشریف نے پیشی میں کیا سوال کیا اور سوالات کے کیا جواب دیے، نوازشریف کی سیاسی جدوجہد تو زندہ رہے گی اور سازشیں کرنے والے قصہ پارینہ بن جائیں گے، پاکستان ترقی کرے گا اور سازشی عناصر عبرت کا نشان بن جائیں گے۔
وزیردفاع نے کہا کہ اقتدار ہمیشہ کسی کے پاس نہیں رہتا، ہم ملکی ترقی کے لیے کام کررہے ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایسی یادگار چھوڑ جائیں گے کہ قوم ہمیشہ نوازشریف کو یاد رکھے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آزاد عدلیہ کی تحریک کے لیے ہم نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور استعفے دیے، آج وہ لوگ ہم پر تنقید کررہے ہیں جن کا ماضی خود داغ دار ہے۔
لیگی رہنماء کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی قطری شہزادے کا بیان اس لیے نہیں لے رہی کہ انہیں معلوم ہے اس کے بعد قصہ ہی ختم ہوجائے گا کیونکہ بدترین دشمن بھی آج تک نوازشریف پرکرپشن ثابت نہ کرسکا۔