پاکستان اسلامی دنیا کا وہ واحد ملک کے جس کے پاس دنیا کی سب سے بڑی فوج موجود ہے اور وہ گزشتہ 60 سالوں سے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ عوام کی حفاظت بھی کررہی ہے۔
پاکستان میں بسنے والے تقریباً 20 کروڑ عوام آرمی، فضائیہ اور نیوی پر رشک کرتے ہیں جس کی کئی وجوہات ہیں۔ وطن کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کر نے والے نوجوانوں سے پاکستانی کیوں پیار کرتے ہیں آئیے چند وجوہات جانتے ہیں۔
پاک فوج کے شہدا
ملک کا دفاع کرنے والے جوانوں کے جذبہ حب الوطنی کی وجہ سے ہمیشہ دشمن کو شکست کا سامنا رہا اور ایمان کے جذبے سے سرفراز ان جوانوں نے ملک کے خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
دشمن پر کڑی نظر
سرحدوں پر تعینات پاک فوج کے جوان دشمن پر نہ صرف کڑی نظر رکھتے ہیں بلکہ دشمن کی جانب سے ہونے والی ہر قسم کی جارحیت کا بروقت منہ توڑ جواب دیتےہیں اور اُسے پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیتے ہیں۔
سیاچن پر تعیناتی
ہزاروں فٹ کی بلندی پر واقع سیاچن کی پہاڑی جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہتا ہے اور یہ چوٹی برف سے مکمل ڈھکی ہوئی ہے وہاں سارا سال پاک فوج کے مستعدد جوان 24 گھنٹے ڈیوٹی دیتے ہیں تاکہ ہم چین و سکون کی نیند سو سکیں۔
پاک فوج کی خواتین اہلکار
پاک فوج کے شعبہ خواتین میں بھی جذبہ حب الوطنی سے سرفراز خواتین اپنا کردار ادا کررہی ہیں اور ملک کے دشمن کے خلاف نبرد آزما ہیں، سخت اور کٹھن مرحلوں سے گزر کر اگلی صفوں پر لڑنے والی قوم کی یہ بیٹیاں بھی 24 گھنٹے ملکی دفاع کے لیے تیار رہتی ہیں۔
آرمی کے ڈاکٹرز و انجینئرز
پاک فوج میں موجود شعبہ طب اور انجینئرنگ سے وابستہ کئی نوجوان ہمہ وقت تیار رہتے ہیں اور ملک میں کسی بھی ہنگامی صورتحال قدرتی آفات یا پھر سانحات میں اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔
نقل مکانی کرنے والے باشندوں کی حفاظت اور خیال رکھنا
دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اور ملک سے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے جب پاکستان آرمی کی جانب سے خصوصاً قبائلی علاقہ جات وزیرستان، مہمند و دیگر پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تو دشمن نے وہاں کے مقامیوں باشندوں کو ڈھال بنانا شروع کیا جس کے بعد دہشت گردوں کے خلاف فائنل ایکشن سے قبل پاکستان آرمی نے کسی بھی بڑے نقصان سے بچنے اور انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مقامیوں کو نقل مکانی کا حکم دیا۔
شہریوں کی جانب سے نقل مکانی کی ابتداء سے لے کر گھر واپسی تک پاک فوج کے جوان آئی ڈی پیز کے ساتھ ایک خاندان کی طرح رہتے ہیں اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو اپنے گھروں سے دور رہنے کا افسوس نہ ہو، پاک فوج کے اس عمل سے آئی ڈی پیز کو نئی زندگی بھی ملتی ہے۔
سیلاب میں ہنگامی اقدامات
ملک میں ہونے والی بارشوں کے باعث سیلاب کی صورتحال میں جب لوگ مدد کے لیے حکومت کو پکار رہے ہوتے ہیں تو ایسے دشوار گزار مقامات پر صرف پاکستان آرمی کے جوان پہنچتے ہیں اور وہاں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرتے ہیں، علاوہ ازیں کہیں آگ لگنے یا پھر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاک فوج کا شعبہ ہنگامی اقدامات میں پیش پیش نظر آتا ہے۔
جمہوریت کے فروغ اور انتخابات میں آرمی کے اقدامات
جمہوریت کے فروغ اور ملکی انتخابات میں ہمیشہ سے ہی پاکستان آرمی کا بہت اہم کردار رہا ہے، الیکشن ، مردم شماری یا پھر دیگر مسائل پاک فوج کے چاک و چوبند دستے اپنے فرائض انجام دیتے نظر آتے ہیں۔
ملکی انتخابات میں بھی پاک فوج کے جوان کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے موجود رہتے ہیں یہی نہیں بلکہ دیگر مواقعوں پر بھی پاک فوج کے جوان جمہوری عمل کو مضبوط کرنے کے لیے پیش پیش نظر آتے ہیں۔