لندن: پرنس ولیم اور پرنس ہیری نے کہا ہے کہ والدہ لیڈی ڈیانا ہمارے ساتھ خوب ہنسی مذاق کرتی تھیں اور وہ شرارتی ترین والدین میں سے ایک تھیں۔
تفصیلات کے مطابق لیڈی ڈیانا کی 20 ویں برسی پر اُن کی زندگی پر بنائی جانے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پرنس ولیم نے کہا کہ ’’والدہ نے ہمیں بہت اچھے انداز سے پالا وہ ہمارے ساتھ خود بھی بچوں کی طرح رہتی تھیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ والدہ سے آخری بار بات ٹیلی فون پر کار حادثے سے کچھ لمحوں قبل ہوئی تھی۔ شہزاد ولیم کا کہنا تھا کہ میں نے فون پر کیا بات کی یہ یاد نہیں البتہ والدہ نے جو کچھ بولا اُس کی تفصیل ظاہر نہیں کرسکتا۔
اس موقع پر پرنس ہیری نے کہا کہ ’’جب کوئی والدہ کی شخصیت کے بارے میں پوچھتا ہے تو اُن کی ہنسی میرے کانوں میں گونجنے لگتی ہے، والدہ ہمیں کہتی تھی شرارتیں ضرور کرو مگر کوشش کرو کہ اس سے کسی کو نقصان نہ ہو اور تم پکڑے بھی نہ جاؤ‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ہماری والدہ غیر رسمی تھیں اور وہ ہنسی مذاق کو بہت پسند کرتی تھیں، جب ہم فٹبال کھیل رہے ہوتے تھے تو وہ ہمارے موزوں میں مٹھائی ڈال دیتی تھیں‘‘۔