اسلام آباد: پشتونخواہ عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری و غیر جمہوری قوتوں کے درمیان لڑائی شروع ہونے والی ہے، یہ کیسا ملک ہے جس کے پاس وزیرخارجہ تک نہیں ہے۔
قومی اسمبلی میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم نوازشریف کے مخالف ضرور ہیں مگر کسی بھی منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کا یہ طریقہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری و غیر جمہوری قوتوں کی لڑائی شروع ہونے والی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو آئین کی بالادستی کے لیے ہم سب کو مل کر سنجیدہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ 45 دن میں پاکستان کو بہتر جمہوری پاکستان بنانے کا ارادہ کرنا چاہیے، جو پارلیمنٹیرینز آئین کو نہیں مانتے ہم اُسے نہیں مانتے۔
پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم اپنا مال اور بچے پاکستان کے لیے قربان کرنے کو تیار ہوں مگر یہ کیسا ملک ہے کہ جس کے پاس وزیرخارجہ تک موجود نہیں ہے، پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کے لیے امن قائم کرنا ضروری ہے۔