اسلام آباد : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جمہوریت آگے بڑھ رہی ہے جو کہ بہت ہی خوش آئند بات ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ *ایوانِ صدر میں نو منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری* کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے، اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمانوں میں گھل مل گئے اور دیگر سیاست دانوں سے بھی گفتگو کی۔
ایک صحافی کے سوال کے جواب میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ اپنے اس عزم پر قائم ہیں کہ جمہوریت کو نقصان نہ پہنچنے اور جمہوریت کی گاڑی محو سفر رہے اور خوشی ہے کہ آج ایک نئے سفر کا آغاز ہو رہا ہے۔
اس موقع پر دلچسپ صورتِ حال اس وقت پیدا ہو گئی جب آرمی چیف قمر باجوہ مولانا فضل الرحمان کو دیکھ کر ان کی جانب بڑھے اور صحافیوں سے ازرائے تفنن کہا کہ مولانا صاحب سے ملنے دیں کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ مجھ پر کوئی فتویٰ ہی نہ لگا دیں۔
آرمی چیف کے اس برجستہ جملے پر تمام صحافی اور وہاں موجود سیاست دان بھی مسکرادیئے یوں یہ خوشگوار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔