کراچی: میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا ایف سیون تربیتی طیارہ گرکرتباہ ہوگیا،حادثے میں پائلٹ شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی شب میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا ایف سیون تربیتی طیارہ گرکرتباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار پائلٹ ونگ کمانڈر ذیشان شہید ہوگئے تھے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق میانوالی کے علاقے سبزہ زار کے قریب گرنے والے پاک فضائیہ کے طیارے کےشہید پائلٹ کا جسد خاکی مل گیا ہے۔ تربیتی طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے میں تباہ ہونے والا طیارہ تربیتی پرواز پرتھا،حادثے میں شہری آبادی کونقصان نہیں پہنچا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر محمد ذیشان کا جسد خاکی پی اے ایف بیس ایم ایم عالم پہنچا دیا گیا ہے جبکہ حادثے کی تحقیقات کےلیے بورڈ تشکیل دےدیا گیا ہے۔
پاک فضائیہ کا ایف سیون پی طیارہ گر کر تباہ
واضح رہے کہ رواں سال مئی میں پاک فضائیہ کا تر بیتی طیارہ منگل والا کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، تاہم پائلٹ حادثے میں محفوظ رہا تھا۔