اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیشرو کے برعکس تمام وزارتوں کو سرکاری اشتہار یا مہم میں اپنی تصویر نہ لگانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تمام وزارتوں، ڈویژنز، وفاقی اداروں، کارپوریشنز، کمپنیوں اور محکموں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مستقبل میں کسی بھی اشتہاری مہم کے دوران وزیراعظم کی تصویر استعمال نہ کریں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری محکمے مستقبل میں ان ہدایات پر عمل کو یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پر الزام تھا کہ انہوں نے ذاتی تشہیر پر اربوں روپے خرچ کیے، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تصویر بھی ہر اشتہاری مہم کا حصہ بنتی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پہلے ہی سرکاری عہدہ رکھنے والوں کو حکومتی اخراجات پر ذاتی مہمات نشر اور شائع کرنے سے روکا جاچکا ہے۔