کراچی:شہر قائد میں بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سراج قاسم تیلی اور شمیم فرپو نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین اور سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی اور موجودہ صدر کے سی سی آئی شمیم احمد فرپو نے کراچی میں امن وامان کی صورتحال اچانک خراب ہونے پر گہری تشویش اور فکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرمیں بلا خوف و خطر لوگوں سے لوٹ مار، بینک ڈکیتیوں میں اضافہ، پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات ،گاڑیاں چھینے یا چوری کرنے کی واردات اور شہر کے مختلف مقامات سے تشدد زدہ لاشیں ملنا شروع ہو گئی ہیں۔
شمیم احمد فرپو نے کہا کہ لیکن اچانک بدامنی کے واقعات میں اضافے نے کراچی آپریشن کی کامیابیوں کے دعووں پر سوالات اٹھا دیے ہیں، تاجر و صنعت کار برادری نے حالیہ واقعات کے پیش نظر اگر بروقت ایکشن نہیں لیا گیا تو کراچی آپریشن کی تمام کا میابیاں داؤ پر لگ جائیں گی اور صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہےاور شہرقائد ایک بار پھر سنگین صورتحال سے دوچار ہو کر لاقانونیت اور دہشت گردی کے اندھیروں میں ڈوب جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے، نقدی سمیت دیگر قیمتی اشیاء چھیننے کے واقعات سپرہائی وے پر بکرا منڈی میں بھی پیش آرہے ہیں جس پر سختی سے کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔
تاجر رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ بدامنی کے حالیہ واقعات میں اضافے پر قابو پانے اور جرائم پیشہ افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے میں غفلت برتنے کی صورت میں ملکی معیشت پر اس کے انتہائی برے اثرات مرتب ہوں گے ۔