جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

پاکستان میں‌ نجی ایئرلائنز خطرے سے دوچار ہیں، کاشف صہبائی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شاہین ائر لائن کے چیئرمین کاشف صہبائی نے کہا ہے کہ ملک میں ایوی ایشن انڈسٹری میں دہرا معیار ہونے کی وجہ سے نجی ائر لائنز کے مسقبل کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور آئندہ 5 سال میں نجی ائیر لائنز کا خاتمہ دیکھ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ چئیرمین پی آئی اے، چیئرمین سول ایوی ایشن بورڈ اور سیکریٹری ایوی ایشن اگر ایک ہی آدمی ہوگا تو نجی ائرلائنز کے ساتھ انصا ف کیسے ہوگا؟

کاشف صہبائی نے کہا کہ نجی ائر لائنز کے لیے مسائل اتنے بڑھا دیے گئے ہیں کہ ان کا کام کرنا انتہائی مشکل سے مشکل ہوگیا ہے، وزیر اعظم کے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی پی آئی اے کے اربوں روپے کے خسارے کا بتا چکے ہیں اوریہ بھی بتا چکے ہیں اس سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2015 میں ایوی ایشن پالیسی تبدیل ہوئی لیکن اس میں کسی بھی پرائیویٹ ائیر لائن سے کوئی مشاورت تک نہیں کی گئی، نجی ائیر لائنز اپنے مسائل کے حل کے لیے کس کے پاس جائیں؟ کیونکہ سیکریٹری ایوی ایشن،چئیرمین پی آئی اے اور چئیرمین سول ایوی ایشن بورڈ کا عہدہ ایک ہی آدمی کے پاس ہے اور یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک آدمی اپنے ہی خلاف کوئی ایکشن لے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین ائر لائن جب بین الاقوامی روٹس کا مطالبہ کرتا ہے تو اسے کیوں اتنا انتظار کرایا جاتا ہے؟ ہمیں گزشتہ چار سال سے سول ایوی ایشن سے غیر ضروری مسائل کا سامنا ہے اور ہمارے ساتھ تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم لاکھوں ڈالرز سول ایوی ایشن کو ادا کرتے ہیں جبکہ پی آئی اے سول ایوی ایشن کو واجبات تک نہیں دیتی اور اس کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سات نئے جہاز منگوائے ہیں جن میں سے تین روٹس نہ ملنے کے سبب گراونڈ ہیں، سول ایوی ایشن کے واجبات دن بہ دن بڑھتے جارہے ہیں اور کراچی میں لینڈنگ کے لاگت دبئی کے مقابلے میں دگنی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں