جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

پاکستانی کھلاڑی سے سٹے باز کا رابطہ، آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے، نجم سیٹھی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سٹے باز کی جانب سے قومی کرکٹر کو پیشکش کا معاملہ آئی سی سی کے سامنے اُٹھا دیا ہے.

یہ بات چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں سری لنکا سے نبرد آزما قومی کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی سے سٹے باز نے رابطہ کیا.

نجم سیٹھی نے مزید بتایا کہ قومی کرکٹر نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر پی سی بی کو آگاہ کیا جس پر ایکشن لیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے کو انٹرنشینل کرکٹ کونسل کے سامنے اُٹھادیا ہے.

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے پیغام میں شائقین کرکٹ سے اس معاملے پر مزید تبصرے سے گریز کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ مکمل طور پر ہمارے ہاتھ پر ہے جسے بین الاقوامی قوانین کے مطابق نمٹا جا رہا ہے.

دوسری جانب میڈیا کے کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ سٹے باز نے قومی ٹیم کے کسی کھلاڑی سے نہیں بلکہ پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے 17 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے سے قبل رابطہ کیا تھا.

 ان حلقوں کا مزید کہنا ہے کہ کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے سٹے باز کے رابطے کی اطلاع اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل ریٹائرڈ اعظم کو فراہم کی جس کے بعد اس معاملے کو آئی سی سی کے نوٹس میں لایا گیا.

یاد رہے کہ پاکستان نیوٹرل مقام متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے میں مشغول ہے جہاں ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو ناکامی کا سامنا رہا جب کہ ون ڈے سیریز میں پاکستان وائٹ واش کرنے کے لیے تیار ہے.


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں