اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نامعلوم ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، جمہوریت کو پاؤں جمانے نہیں دیئے جاتے ، ایسی صورتحال پیدا کی جاتی ہے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا کہ کسی کی ذات پر حملہ نہیں کرنا چاہتے، آصف زرداری نامعلوم ایجنڈے پر کام کررہےہیں، آصف زرداری پارٹی کو ہدایت کررہے ہیں، کسی قانون سازی میں حصہ نہ لیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے پوری پارٹی کو قابو میں کررکھا ہے، یہ لیکس سچ ہے یا نہیں ،زیادہ تر جھوٹ ہی ہوتا ہے ، جمہوریت کو پاؤں جمانے نہیں دیئے جاتے ، ایسی صورتحال پیدا کی جاتی ہے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر پیپلزپارٹی اپنے مؤقف کی بھی وضاحت پیش نہیں کرپارہی، ہم پوری کوشش کریں گے حلقہ بندیوں سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر لائیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کے بعد سب سے بڑا مرحلہ حلقہ بندیوں کا ہوتا ہے لیکن ایک جماعت وقت سے پہلے انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے، مردم شماری ہونے کے بعد الیکشن نئی مردم شماری کے مطابق ہوتا ہے، مردم شماری کے تقاضے پورے کیے بغیر کیسے انتخابات ہوں گے۔
مزید پڑھیں : مخالفین ووٹ کےبجائےسازش سےاقتدارمیں آنا چاہتے ہیں‘ سعد رفیق
گذشتہ روز وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نئی حلقہ بندیوں کے لیے ترمیم نہ کی توانتخابات کا بروقت انعقاد نہیں ہوپائے گا، نئی مردم شماری کے ابتدائی نتائج کا اعلان ہوچکا، انتخابات پرانی مردم شماری کی بنیاد پر کرانا آئین سے متصادم ہوگا۔