دبئی: پاکستان عوامی اتحاد کے نام سے نیا سیاسی اتحاد تشکیل دے دیا گیا، سابق صدر پرویز مشرف چیئرمین ہوں گے۔
سابق صدر پرویز مشرف نے نئے سیاسی اتحاد کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال ڈار نئے سیاسی اتحاد کے سیکریٹری ہوں گے، واپس آکر عوام کے پاس جاؤں گا، حالات میں تبدیلی آرہی ہے اس کے مطابق پاکستان آؤں گا، پاکستان آمد پر حکومت سے کسی قسم کی سیکورٹی نہیں چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما پارٹی چھوڑنے جارہے ہیں، پیپلزپارٹی بھی ختم ہوتی جارہی ہے، ایم کیو ایم والے متحد ہوجائیں، ایم کیو ایم اپنا نام چھوڑ کر نئے نام سے ایک چھتری کے نیچے جمع ہوجائے، ایم کیو ایم والے بھی ہمارے ساتھ اتحاد کرلیں، ایم کیو ایم کا نام بدنام ترین ہے۔
چیئرمین پاکستان عوامی اتحاد نے کہا کہ ایم کیو ایم قومی دھارے میں آئے، کراچی میں بہت قومیں آباد ہیں، فاروق ستار کی جگہ نہیں لے سکتا، پی ایس پی متحدہ اتحاد غیر فطری ہے، ایم کیو ایم یا پی ایس پی کا سربراہ نہیں بنوں گا۔
سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بن رہا ہے، مسلم لیگ ن نے پنجاب اور پیپلزپارٹی نے سندھ میں تباہی مچائی، نواز شریف کا سیاسی مستقبل ختم ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے، فخر ہے عدلیہ اور فوج ٹھیک کام کررہی ہے، میرا وژن پاکستانیت ہے مہاجر متحد ہوجائیں۔
پرویز مشرف نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے بارے میں نہیں اپنی پارٹی کا سوچتے ہیں، تحریک انصاف کے لیڈر اپنے دماغ کے مطابق عمل کرتے ہیں، پرویز الٰہی نے پنجاب میں اچھی حکومت چلائی تھی، امید ہے ق لیگ بھی ہمارے اتحاد کا حصہ بنے گی۔
سابق صدر نے کہا کہ ہمیں ملکی سیاست کے لیے اہم فیصلے کرنے ہیں، بڑا فیصلہ متحد کرنے کا ہے، مسلم لیگ کے تمام دھڑے متحد ہوجائیں تو یہ بھی اچھا ہوگا، حالات ٹھیک نہیں ہوتے تو قبل ازوقت انتخابات ہونے چاہئیں۔