اسلام آباد : نیب لاہور نے شریف خاندان کے پانچ افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئےنیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے سفارش کردی،درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف، مریم، حسن، حسین نواز اور کیپٹن صفدر کو بیرون ملک نہ جانے دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، کرپشن کیسز میں پیشیوں کا سامنا کرنے والے شریف خاندان کو ایک اور دھچکا لگ گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) لاہورنے پاناما کیس میں نامزد ملزمان نواز شریف، مریم نواز، حسن، حسین نواز اور کیپٹن صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی، جس کیلئے وزارت داخلہ سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے، شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش ایون فیلڈ ریفرنس میں کی گئی ہے۔
نیب لاہور کی جانب سے نیب ہیڈ کوارٹراسلام آباد کو جاری خط موصول ہوگیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ پانچوں افراد کے خلاف عدالتوں میں کیس چل رہے ہیں لہٰذا ان کے نام ای سی ایل میں ڈال کر ملزمان کو بیرون ملک نہ جانے دیا جائے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنےکی سفارش کی حتمی منظوری دیں گے، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد یہ نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئےوزارت داخلہ کوخط لکھاجائےگا۔
یاد رہے کہ پانامہ لیکس کے بعد شریف خاندان مسلسل مشکلات کا شکار ہے، پہلے نواز شریف پر نااہلی کی تلوار چلی اور اب وہ احتساب عدالت میں پیشیاں بھگت رہے ہیں۔
عدالتوں پرتنقید کرنے والی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو بھی غیر قانونی طریقے سے مال بنانے کے چکر میں عدالتوں کا سامنا ہے، نااہل وزیر اعظم کے بیٹے حسن اور حسین نوازکہتے ہیں کہ ان پر پاکستان کا قانون لاگو ہی نہیں ہوتا۔
دونوں ملزمان بار بار بلانے کے باوجود احتساب عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، شریف خاندان کے خلاف لندن اپارٹمنٹس، سعودی عرب میں اسٹیل ملز، فلیگ شپ انویسمنٹ، برٹش ورجن آئی لینڈ میں آف شور کمپنی کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
مزید پڑھیں: نیب کا اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش
یاد رہے کہ اس سے قبل چیئر مین نیب کی منظوری کے بعد نیب حکام نے وزارت داخلہ سے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم کے سمدھی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی، اسحاق ڈار ان دنوں علاج کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہیں۔