راولپنڈی : فاٹا یوتھ جرگہ کے وفد نےآئی ایس پی آر اور کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، وفد نے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کی جانب سے بھرپور تعان کے عزم کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق فاٹا یوتھ جرگے کا وفد آئی ایس پی آر پہنچ گیا، قبائلی علاقوں میں امن کیلئے پاک فوج کی کوششوں اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔
فاٹا کے جوانوں نے اپنے علاقوں کے مستقبل سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا۔ وفد میں فاٹا کی ساتوں ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان شریک تھے۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ فاٹا کےعوام اور فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، امن وامان کی بحالی کے لیے فاٹا کے بہادر پاکستانیوں نے بھرپور تعاون کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کی جانب سے بھرپور تعاون کےعزم کا اعادہ بھی کیا، بعد ازاں فاٹا یوتھ جرگے نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا بھی دورہ کیا۔
کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل نذیر احمد سے یوتھ جرگے نے ملاقات کی۔ کور کمانڈر پشاورکا کہنا تھا کہ فاٹا میں ہونہار اور جوشیلے نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے، فاٹا کا مستقبل قابل نوجوانوں کاہے۔
کور کمانڈر پشاور نے یوتھ جرگے کو فاٹا پروجیکٹس کےبارے میں آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ فاٹا میں پاک فوج کی نگرانی میں تعلیمی ادارے قائم کیے جارہےہیں۔
فاٹا میں صحت اور مواصلات پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ فاٹا یوتھ جرگے نے قبائلی علاقوں میں امن قائم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔