لاہور: ملک بھر کے مختلف شہروں میں جہاں گزشتہ کئی روز سے جاری دھرنے آہستہ آہستہ ختم ہو رہے ہیں وہیں پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیے بیٹھے مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔ شہر کے بقیہ دیگر مقامات پر دھرنے کے شرکا آہستہ آہستہ منتشر ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدہ طے پا جانے اور دھرنا قائدین کی جانب سے اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں سے دھرنے ختم کرنے کی ہدایت کے باوجود پنجاب اسمبلی کے باہر مذہبی جماعت نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔
دھرناقائدین کا مطالبہ ہے کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو برطرف کیا جائے۔ ’ہمارا دھرنا فیض آباد دھرنے سے مشروط نہیں‘۔
دوسری جانب لاہور کے دیگر علاقوں میں دیے جانے والے دھرنے ختم ہوچکے ہیں اور کاروبار زندگی آہستہ آہستہ بحال ہورہا ہے۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ چوک پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا جس کے بعد شاہدرہ چوک پر رکاوٹوں کو ہٹانے کا عمل شروع کردیا گیا۔
مانگا منڈی اور جی ٹی روڈ پر بھی دھرنا ختم کردیا گیا اور شرکا کی گھروں کو واپسی شروع ہوگئی جس کے بعد جی ٹی روڈ پر ٹریفک بحال کردی گئی۔
ادھر ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے کے تمام سیکشن کھول دیے گئے ہیں۔
سعد رفیق ریلوے ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے
دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ریلوے ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے جہاں انہوں نے ٹرین آپریشن کی نگرانی شروع کردی۔ انہوں نے ٹرینوں کی آمد و رفت کے ٹائم ٹیبل پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق کالا خطائی، میسن کالر، کالا شاہ کاکو سمیت دیگر مقامات پر ٹریک کلیئر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ کراچی سے لاہور، راولپنڈی اور پشاور جانے والی ٹرینیں جبکہ لاہور سیالکوٹ اور لاہور وزیر آباد سیکشن پر بھی ٹرینیں بحال کردی گئی ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔